دی اویسس اسکول گوادر میں شہید زاہد آسکانی کی یاد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

گوادر (اسٹاف رپورٹر ) دی اویسس اسکول گوادر کی جانب سے ہر سال شہید زاہد آسکانی کی یاد میں ایک خصوصی دن منایا جاتا ہے۔ اس سال بھی اسکول میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہید کی تعلیمی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اور شہید زاہد آسکانی کی جانب سے بلوچی زبان میں ترجمہ کی گئی فرانز کافکا کی کتاب میٹا مورفوسز کی تقریب رونمائی بھی ہوئی۔شہید زاہد آسکانی کو بچھڑے 10 سال مکمل ہوگئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دی اویسس اسکول گوادر کے پرنسپل حنیف آسکانی، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن عبدالوہاب مجید، بی این پی عوامی کے مرکزی سکریٹری جنرل ایڈوکیٹ سعید فیض ، گوادر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر رحیم مہر،جیوز گوادر کے آرگنائزر کے بی فراق اور ادبی و سماجی کارکن بجار بلوچ نے شہید زاہد آسکانی کی زندگی اور ان کے مشن پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ شہید زاہد آسکانی نے اپنی محنت اور عزم کے ساتھ ایک چھوٹے سے انگلش لینگویج سینٹر سے اپنی تعلیمی خدمات کا آغاز کیا اور اسے ترقی دے کر ایک مکمل اسکول کی شکل دی۔ آج ان کی کاوشوں کی بدولت ہزاروں طلبہ و طالبات معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ پرنسپل حنیف آسکانی نے کہا کہ شہید زاہد آسکانی نے تعلیم کے میدان میں جو انقلاب برپا کیا، وہ نہ صرف گوادر بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک مثال ہے۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔ عبدالوہاب مجید اور بجار بلوچ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زاہد آسکانی نے مشکل حالات کے باوجود تعلیمی معیار کو بلند کیا اور نوجوانوں کو ایک بہتر مستقبل کی جانب راغب کیا۔ ان کی زندگی کا مقصد صرف تعلیم کی ترویج اور علاقے کے بچوں کے لیے مواقع فراہم کرنا تھا۔ https://gwadarcitynewstv.com/04/12/2024/2430?feed_id=71&_unique_id=6750626bbd81a

Post a Comment

To be published, comments must be reviewed by the administrator *

جدید تر اس سے پرانی